15 اگست 2017 - 11:25
ایران اور روس کے صدور کی ٹیلی فونی گفتگو

اسلامی جمہوریہ ایران اور روس کے صدور نے علاقے کے مسائل کے حل کے لئے تہران اور ماسکو کے درمیان صلاح و مشورے جاری رکھنے پر زور دیا ہے.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے روس کے صدر ولادیمیرپوتن سے ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ علاقے کے بہت سے مسائل منجملہ یمن، عراق، شام اور خاص طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ جیسے بحرانوں اور مسائل کو حل کرنے کے لئے ایران اور روس کے درمیان صلاح و مشورے کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی ضرورت ہے -
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی اپنے ہمسایہ ملکوں خاص طور پر روس کے ساتھ تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا ہے -

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ روس ایٹمی معاہدے کی تقویت اور سبھی فریقوں کی جانب سے معاہدے پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے -
روس کے صدر ولادیمیرپوتن نے بھی اس ٹیلی فونی گفتگو میں کہا کہ علاقے میں امن و استحکام کو بحال اور برقرار کرنے کے سلسلے میں ایران اور روس کی کوششوں کا اچھا نتیجہ برآمد ہوا ہے -
روسی صدر پوتن کا کہنا تھا کہ تہران اور ماسکو دوطرفہ تعاون اور باہمی صلاح و مشورے کے ذریعے یمن کے عوام کو انسان دوستانہ امداد بہم پہنچانے کےعمل کو آسان بناسکتے ہیں-

.......

/169